30 جنوری ، 2022
پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) میں شامل ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے شاہد آفریدی کی جگہ بائیں ہاتھ کے اسپنر حسان خان کو جزوی متبادل کی حیثیت سے اپنے اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔
حسان خان ان 15 ریزریو کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو منیجڈ انوائرینمنٹ کا حصہ ہیں، لہٰذا انہیں اسکواڈ جوائن کرنے کے لیے تین روز کی آئسولیشن کرنا ضروری نہیں ہے۔
دوسری جانب ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کی ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی نےجزوی متبادل کھلاڑی کے نام کی منظوری دے دی ہے۔
واضح رہے کہ شاہد آفریدی کووڈ 19 وائرس کا شکار ہونے کے سبب ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے ابتدائی میچز کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دستیاب نہیں ہیں۔
یاد رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے شاہد آفریدی کے متبادل کھلاڑی کے طور پر حسان خان کو اسکواڈ میں شامل کرنےکی درخواست کی تھی۔