پاکستان
Time 02 فروری ، 2022

کراچی کیلئے فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 2 روپے 59 پیسے سستی ہو سکتی ہے: نیپرا

نیشنل الیکٹرک اینڈ پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کا کہنا ہے کہ دسمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد کے تحت بجلی 2 روپے 59 پیسے فی یونٹ تک سستی ہو سکتی ہے۔

کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی میں ایک ماہ کے لیے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ بجلی 1 روپے 79 پیسے سستی کرنے کی درخواست پر سماعت نیپرا میں ہوئی۔

کے الیکٹرک کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ دسمبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی سستی ہونے کی بڑی وجہ فرنس آئل کا کم استعمال ہے۔

چیئرمین نیپرا نے استفسار کیا کہ کے الیکٹرک اور سوئی سدرن کے درمیان گیس سپلائی معاہدے پر کیا ہوا؟

سی ایف او کے الیکٹرک نے کہا کہ گیس سپلائی معاہدے پر سوئی سدرن کے ساتھ بات چیت جاری ہے، جس پر چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک سوئی سدرن کے علاوہ کہیں اور سے فیول انتظامات کر سکتی ہے۔

سی ایف او کے الیکٹرک عامر غازیانی نے کہا کہ متبادل فیول انتظامات کا جائزہ بھی لے رہے ہیں۔

نیپرا حکام نے کہا کہ کے الیکٹرک کی دسمبر کی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 2 روپے 59 پیسے تک سستی ہو سکتی ہے۔

کراچی چیمبر کے تنویر باری کا کہنا تھا کہ کےالیکٹرک کے پاور پلانٹس کا ٹیکنیکل آڈٹ کیا جائے، نیپرا جرمانے کرتا ہے کے الیکٹرک عدالت میں چلی جاتی ہے۔

نیپرا نے کہا کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے کراچی کے صارفین کو3 ارب روپے تک فائدہ ہو گا۔

کے الیکٹرک کی درخواست پر سماعت مکمل ہو گئی ہے اور کیس کا حتمی فیصلہ بعد میں جاری ہو گا۔

مزید خبریں :