04 فروری ، 2022
پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر محمد حسنین کے بولنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دے دیا گیا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے محمد حسنین کے بولنگ ایکشن کے ٹیسٹ کی رپورٹ جاری کی گئی ہے جس میں نوجوان فاسٹ بولر کے ایکشن کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کی رپورٹ کے مطابق محمد حسنین کا بولنگ ایکشن غیر قانونی قرار دیے جانے کے بعد انہیں ہر قسم کی کرکٹ میں بولنگ کرانے سے روک دیا گیا ہے، حسنین ایکشن کی درستگی تک بولنگ کے لیے معطل رہیں گے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ محمد حسنین کی ایک سے زائد گیندوں پر ٹیسٹ میں اعتراض سامنے آیا ہے جس کے باعث محمد حسنین کا بولنگ ایکشن غیر قانونی قراد دیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ محمد حسنین اپنا بولنگ ایکشن درست کرکے دوبارہ ٹیسٹ دیں گے، محمد حسنین بولنگ ٹیسٹ کلیئر ہونے پر دوبارہ ایکشن میں آئیں گے۔
بولنگ ایکشن کی درستی کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نوجوان فاسٹ بولر کی معاونت کرے گا۔
یاد رہے کہ محمد حسنین کا بولنگ ایکشن آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ کے دوران رپورٹ ہوا، بگ بیش میں حسنین نے سڈنی تھنڈرز کی نمائندگی کی تھی۔
محمد حسنین کے بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ لاہور میں آئی سی سی کی منظور شدہ بائیو مکینک لیب میں ہوا تھا۔