07 فروری ، 2022
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) نے نواز شریف کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار اور شہباز شریف کو سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا اختیار دیا۔
مسلم لیگ (ن) کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کے ورچوئل اجلاس کے بعد پارٹی کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے پریس کانفرنس کی اور کہا کہ حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے ہر قانونی اور سیاسی آپشن استعمال کیا جائے گا، ملک کی آئینی اور جمہوری بنیادوں پر تمام جماعتوں کا اتفاق رائے ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ کل ایم کیو ایم کا وفد بھی شہبازشریف سے ملاقات کیلئے آرہا ہے، پیپلزپارٹی کا وفد شہبازشریف سے ملاقات کیلئے آیا، ہم تمام جمہوری اورسیاسی جماعتوں کا احترام کرتے ہیں۔
سی ای سی اجلاس سے متعلق احسن اقبال نے بتایا کہ شرکا نے اتفاق کیا کہ 2018 سے پہلے ملک ترقی کی راہ پرگامزن تھا، پی ٹی آئی کی حکومت نےترقی کےہرشعبےکوتہس نہس کردیا اور ملک کا ہر طبقہ پریشان ہے، زندگی کے ہر شعبے کا فرد کچلا جاچکا ہے جبکہ سی ای سی نےاتفاق کیاکہ حکومت کو مزید وقت دینا ملکی مفاد کے خلاف ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ سی ای سی نے نواز شریف کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا اور شہباز شریف کو سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا اختیار دیا۔
لیگی جنرل سیکرٹری کا کہنا تھاکہ سی ای سی نے حکومت کے خاتمے کیلئے ہر آئینی راستے کی حمایت، جلد پی ڈی ایم کا اجلاس بلانے اور 23 مارچ کے لانگ مارچ کی حمایت کی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں شہباز شریف نے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو ظہرانے پر مدعو کیا تھا جبکہ کل ایم کیو ایم پاکستان کو وفد ان سے ملاقات کرے گا۔