09 فروری ، 2022
بالی وڈ کے اداکار اعجاز خان نے انتہاپسند جتھے کے سامنے ڈٹ جانیوالی طالبہ مسکان کا خاکہ پوسٹ کردیا۔
گزشتہ روز کرناٹک میں کالج جانے والی طالبہ کو انتہا پسندوں نے ڈرایا دھمکایا لیکن طالبہ نے بھی ڈٹ کر ہراساں کرنے والوں کا مقابلہ کیا۔
واقعے کی وائرل ویڈیو میں کالج میں ایک لڑکی کو جے شری رام کا نعرہ لگانے والے ہجوم کی طرف سے ہراساں کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ہجوم میں شامل لوگ آگے بڑھے اور لڑکی کے سامنے ’جے شری رام‘ کے نعرے لگائے، لڑکی نے اس دوران مشتل ہجوم سے ڈرنے کے بجائے ان کا بھرپور مقابلہ کیا اور اونچی آواز میں ’اللہ اکبر‘ کا نعرہ لگایا۔
طالبہ مسکان کی حمایت میں کئی بالی وڈ اداکارائیں اور سیاستدان میدان میں آئے ہیں تاہم اب بالی وڈ اداکار اعجاز خان بھی مسکان کی حمایت میں سامنے آگئے۔
اعجاز خان نے اپنے آفیشل فیس بک پیج پر طالبہ کا نعرہ بلند کرتے ہوئے انداز میں خاکہ لگایا اور شعر لکھ کر تبصرہ کیا۔
انہوں نے شعر لکھا کہ کانٹوں میں کھلتا ہوا گلاب دیکھا ہے، لہو لہان آنکھوں میں خواب دیکھا ہے، کہیں گے یہ لوگ صدیوں تک ہم نے ’نقاب’ میں انقلاب دیکھا ہے‘۔
خیال رہے کہ بالی وڈ اداکار اعجاز خان متعدد فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔