Time 13 فروری ، 2022
کھیل

میری اننگ اتنی اہم نہیں تھی جتنی عمر اکمل کی تھی: سرفراز

کوئٹہ نے مسلسل دو میچز میں دو سو پلیس کا ہدف عبور کیا، جو کسی بھی ٹیم کیلئے آسان نہیں ہوتا کیوں کہ بڑے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے کافی کیلکولیٹیڈ کرکٹ کھیلنا پڑتی ہے، سرفراز احمد__فوٹو: فائل/جیو نیوز
کوئٹہ نے مسلسل دو میچز میں دو سو پلیس کا ہدف عبور کیا، جو کسی بھی ٹیم کیلئے آسان نہیں ہوتا کیوں کہ بڑے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے کافی کیلکولیٹیڈ کرکٹ کھیلنا پڑتی ہے، سرفراز احمد__فوٹو: فائل/جیو نیوز 

پی ایس ایل ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز  احمد کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے خلاف میچ میں ان کی اننگ سے زیادہ اہم اننگز عمر اکمل کی اننگ تھی۔

قذافی اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف گلیڈی ایٹرز کی پانچ وکٹ سے فتح کے بعد سرفراز نے کہا کہ عمر اکمل نے جس طرح اپنے کم بیک میچ میں پریشر صورتحال میں آکر پرفارم کیا وہ قابل تعریف ہے کیوں کہ یہ اس پی ایس ایل میں عمر اکمل کا پہلا میچ تھا اور وہ کافی عرصے بعد بڑا میچ کھیل رہے تھے مگر انہوں نے دلکش اسٹروکس کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

عمر اکمل کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے: سرفراز

سرفراز احمد نے کہا کہ 'میں سمجھتا ہوں کہ میری اننگ اتنی اہم نہیں تھی جتنی اہم اننگ عمر اکمل کی تھی، عمر اکمل کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے'۔

میچ میں کوئٹہ کو 200 رنز کا ہدف حاصل کرنا تھا جس کے تعاقب میں عمر اکمل نے 8 گیندوں پر  3 چھکوں کی مدد سے 23 رنز بنائے جب کہ سرفراز احمد نے ناقابل شکست رہتے ہوئے 32 گیندوں پر 50 رنز کی اننگ کھیلی، دونوں کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 20 گیندوں پر 52 رنز کی شراکت بنی۔

سرفراز احمد کو عمدہ کارکردگی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

'ذاتی پرفارمنس تو اوپر نیچے ہوتی رہتی ہے، ٹیم کا جیتنا زیادہ اہم ہوتا ہے'

تاہم سرفراز احمد کہتے ہیں کہ ان کے لیے زیادہ اطمینان بخش بات ٹیم کی جیت ہے کیوں کہ ذاتی پرفارمنس تو اوپر نیچے ہوتی رہتی ہے، ٹیم کا جیتنا زیادہ اہم ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ نے مسلسل دو میچز میں 200 سے زیادہ رنز کا ہدف عبور کیا جو کسی بھی ٹیم کے لیے آسان نہیں ہوتا کیوں کہ بڑے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے کافی کیلکولیٹیڈ کرکٹ کھیلنا پڑتی ہے۔ 

سرفراز نے کہا کہ جیسن روئے کا ٹیم میں کافی اہم کردار ہے، ان کے ساتھ جیمز وینس اور احسان علی بھی خوب ذمہ داری نبھارہے ہیں جس سے ٹیم کو اچھا اسٹارٹ مل رہا ہے۔

مزید خبریں :