Time 13 فروری ، 2022
پاکستان

میاں چنوں میں مبینہ توہین مذہب کے الزام میں ہجوم نے ایک شخص کو قتل کردیا

خانیوال کی تحصیل میاں چنوں میں  مبینہ طور پر توہینِ مذہب کا الزام لگا کر ہجوم نے ایک شخص کو قتل کر دیا۔

پولیس کے مطابق ہجوم کے ہاتھوں مبینہ طور پر توہین مذہب کے الزام میں قتل کا واقعہ گزشتہ روز تلمبہ میں پیش آیا۔

پولیس نے بتایا کہ مقتول کی شناخت مشتاق کے نام سے ہوئی اور وہ خانیوال کا رہائشی تھا۔

پولیس کے مطابق ہجوم کے ہاتھوں شہری کے قتل کامقدمہ درج کر لیا گیا اور مقدمہ 33 نامزد اور 300 نامعلوم افراد کےخلاف درج کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ ایس ایچ او تھانہ تلمبہ کی مدعیت میں قتل اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق مقدمے میں گرفتاریاں بھی کی گئی ہیں، مزید گرفتاری کیلئے سی سی ٹی وی ویڈیو کی مدد سے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے واقعے کا نوٹس لے لیا

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے میاں چنوں میں پیش آنے والے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔ 

وزیر اعظم کا کہنا تھاکہ کسی فرد یا گروہ کی جانب سے قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی، ہجوم کے تشدد کو نہایت سختی سےکچلیں گے۔

مزید خبریں :