13 فروری ، 2022
مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف 14 سال بعد چوہدری برادران سے ملاقات کے لیے ان کے گھر پہنچ گئے۔
شہبازشریف نے مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کی۔
ن لیگ کے وفد میں ایاز صادق، رانا تنویر، خواجہ سعد رفیق، عطا اللہ تارڑ اور شبیر عثمانی شامل تھے، ملاقات میں سالک حسین اور شافع حسین بھی شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف اور چوہدری برادران کے درمیان ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت موجودہ ملکی سیاسی صورت حال پر تفصیل سےگفتگو کی گئی۔
شہباز شریف نے اپنی اور نواز شریف کی جانب سے چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اور چوہدری شجاعت حسین کی مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔
چوہدری شجاعت حسین نے ملاقات میں ن لیگ کے قائد نواز شریف کا بھی شکریہ ادا کیا۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے وفدکے ق لیگ کے وفد سے ملاقات کے 3 دور ہوئے، شہباز شریف نے چوہدری شجاعت اورپرویز الٰہی سےالگ ملاقات بھی کی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ شہباز شریف نےچوہدری برادران سے ملاقات کے بعد الگ کمرے میں اپنے وفد سے مشاورت کی، ن لیگ کی مشاورت کے بعد شہباز شریف نےچوہدری برادران سے پھر ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے چوہدری شجاعت اورپرویزالٰہی کو نواز شریف کا پیغام بھی پہنچایا، ملاقات کے تیسرے دور میں مسلم لیگ ن کا مکمل وفد اور ق لیگ کے رہنما شریک ہوئے۔