15 فروری ، 2022
بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں واٹس ایپ پر اسٹیٹس لگائے جانے پر دو دوستوں کے گھر والوں کے درمیان تنازع ہوا جس کے نتیجے میں 48 سالہ خاتون جان کی بازی ہار گئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 20 سالہ طالبہ پریتی پرساد نے اپنے موبائل فون پر ایک واٹس ایپ اسٹیٹس لگایا تھا جو اس کے 17 سالہ دوست کو ناگوار گزرا۔
نوجوان اپنے بھائی، بہن اور ماں کے ہمراہ پریتی کے گھر پہنچا جہاں دونوں خاندانوں کے درمیان بات چیت ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔
اس شدید نوعیت کے جھگڑے پر پریتی کی 48 سالہ ماں کو پسلیوں میں اندرونی چوٹیں آئیں جس کے بعد انہیں طبی امداد کے لیے اسپتال لے جایا گیا تاہم خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اگلے روز علاج کے دوران وفات پاگئیں۔
پولیس نے بتایا کہ خاتون کو ایک اور طبی مسئلہ بھی تھا لیکن موت کی وجہ جھگڑے کے دوران لگنے والی چوٹیں ثابت ہوئیں۔