16 فروری ، 2022
پاکستان پیپلزپارٹی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے حکومت سے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔
ترجمان سندھ حکومت مرتضٰی وہاب نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ آج عمران خان نے ثابت کردیا کہ تحریک انصاف کا کوئی تعلق پاکستان کی عوام سے نہیں،آج کی موجودہ مہنگائی کی صورتحال میں پیٹرول کا ایٹم بم بھی عوام پر گرادیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی طاقت سے اس نا اہل حکومت کو گھر بھیجیں گے جبکہ عوام بلاول بھٹو کے ہاتھ مضبوط کریں۔
دوسری جانب سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ عوام پر پیٹرول بم گرانے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ کمال نے کہا کہ قیمتوں میں پے درپے اضافے سے متوسط اور غریب طبقہ پس گیا جبکہ نا اہل حکومت نے غربت نہیں بلکہ غریب مٹانے کی پالیسی اختیار کی ہے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں ، حکومت نے پیٹرول کی بلند ترین قیمت کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ ڈالا۔
لاہور سے جاری بیان میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت آئی ایم ایف کے سامنے مکمل سرنگوں ہو چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اشیاء ضروریات کی قیمتیں بھی پچاس فیصد کم کی جائیں جبکہ جماعت اسلامی ہوش ربا مہنگائی، بے روزگاری کے خلاف تحریک جاری رکھے گی۔
واضح رہے کہ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 12 روپے 3 پیسے فی لیٹر کے بعد نئی قیمت 159 روپے 86 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے جبکہ کہ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 53 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔