16 فروری ، 2022
اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے صحافی محسن بیگ کو گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے صحافی محسن بیگ کے گھر چھاپا مارا تھا اور محسن بیگ کے بیٹے نے بھی ان کی گرفتاری کی تصدیق کر دی ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ایف آئی اے کی ٹیم محسن بیگ کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر گئی، گرفتاری کے دوران ایف آئی اے کی ٹیم کے ساتھ مزاحمت ہوئی اور ملزم نے فائرنگ کی، فائرنگ سے ایف آئی اے کا ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ صحافی محسن بیگ کو تھانہ منتقل کر دیا گیا ہے، مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
دوسری جانب محسن بیگ کے وکیل راحیل قریشی نے غیر قانونی حراست کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی۔
وکیل راحیل قریشی نے مؤقف اختیار کیا کہ صبح سویرے سادہ کپڑوں میں ملبوس لوگ محسن بیگ کے گھر آئے، کون لوگ تھے کہاں لے کر جا رہے تھے کچھ معلوم نہیں، ایس پی اور ڈی ایس پی سے وارنٹ گرفتاری اور سرچ وارنٹ مانگے گئے جو نہیں دیے گئے۔
راحیل قریشی نے مزید کہا کہ ایس پی نے سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد کو گھر میں دھاوا بولنے کا حکم دیا، سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے بچوں کو مارا، موبائل فون توڑ دیے اور محسن بیگ کو ساتھ لے گئے۔
درخواست پر سماعت ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے کی اور عدالت نے بیلف مقرر کر کے محسن بیگ کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔