16 فروری ، 2022
امریکا میں 2019 سے لاپتہ ہونے والی کمسن بچی ایک گھر کی سیڑھیوں کے نیچے بنے خفیہ کمرے سے بازیاب ہوگئی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق 6 سالہ پیزلی شلٹس امریکی ریاست نیویارک کے علاقے ساگرٹیز میں ایک گھر کی تلاشی کے دوران بازیاب ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے بچی مکمل صحت مند ہے اور اسے اس کی قانونی سرپرست اور بڑی بہن کے حوالےکردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق پیزلی شلٹس جولائی 2019 میں نیویارک کے علاقے ٹائیوگا سے لاپتہ ہوگئی تھی، اس وقت پولیس حکام نے شبہ ظاہرکیا تھا کہ 4 سالہ بچی کو اس کے والدین نے اغوا کیا ہے جو کہ بچی کی اچھی طرح پرورش اور نگہبانی کرنے کے عدالتی حکم پر عمل درآمد میں ناکامی پر بچی کی سرپرستی کھو بیٹھے تھے۔
رپورٹ کے مطابق بچی کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے مکان پر چھاپہ مارا اور تلاشی کے دوران بچی کو برآمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق 57 سالہ مالک مکان بچی کا دادا ہے جو کہ بازیاب ہونے تک اس سے متعلق لاعلمی کا اظہار کرتا رہا ۔
پولیس نے بچی کے والدین اور دادا کو حراست میں لے لیا، بعدازاں والد اور دادا کو ضمانت پر رہا کردیا تاہم بچی کی ماں اب بھی زیرحراست ہے، اغوا کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس حکام نے پھر خدشہ ظاہرکیا ہےکہ بچی کے اغوا میں اس کے حقیقی والدین ہی ملوث ہیں جو کہ اپنی بڑی بیٹی کو چھوٹی بہن کی قانونی سرپرستی ملنے سے ناخوش تھے۔