20 فروری ، 2022
کراچی میں لٹیرے بے لگام ہوگئے اور اب ٹریفک جام میں لوٹ مار کے واقعات پھر سے رپورٹ ہونے لگے۔
کراچی میں کل رات کورنگی انڈسٹریل ایریا جانے والے کازوے پر ٹریفک جام کے دوران مسلح افراد نے کئی شہریوں کو لوٹا۔
مسلح افراد نے لوٹ مار کے دوران متعدد شہریوں پر تشدد بھی کیا تاہم کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس کے کازوے پہنچنے پر ملزمان فرار ہوگئے۔
ہزاروں پولیس اہلکاروں کی نفری ہونے کے باوجود کراچی اسٹریٹ کرمنلز کیلئے جنت بن گیا۔ رواں سال کے صرف ڈیڑھ ماہ میں ڈکیتی اور لوٹ مار کے دوران عام شہریوں اور پولیس اہلکار سمیت 14 افراد جان سے گئے جبکہ 80 افراد زخمی ہوئے۔
شہر میں یومیہ 145 شہری موٹرسائیکلوں سے محروم بھی کیے جارہے ہیں۔
اعدادو شمار کے مطابق رواں سال کے ڈیڑھ ماہ میں 3 ہزار 845 موبائل فونز سے شہریوں کو محروم کیا گیا اور اسلحہ کے زورپر 672 موٹرسائیکلیں اور 20گاڑیاں بھی چھین لی گئیں جبکہ شہریوں کی 6ہزار 87 موٹرسائیکلیں اور 296گاڑیاں چوری بھی ہوئیں۔