,
Time 23 فروری ، 2022
پاکستان

دو دہائیوں بعد وزیراعظم پاکستان کا دورہ روس، عمران خان ماسکو پہنچ گئے

وزیراعظم عمران خان دو روزہ سرکاری دورے پر ماسکو  پہنچ گئے، ائیر پورٹ پر وزیر اعظم کا استقبال روس کے ڈپٹی وزیر خارجہ نے کیا۔

ماسکو ائیرپورٹ پر وزیراعظم عمران خان کو سرخ قالین استقبالیہ دیا گیا اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، اس موقع پر پاکستان کا قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔

وزیراعظم کے وفد کے اراکین کے کورونا ٹیسٹ ہوں گے اور کل صبح 11 بجے بعد وزیراعظم کی سرگرمیاں شروع ہوں گی۔

24 فروری کو وزیر اعظم عمران خان کی روس کے صدر ولادیمیر  پیوٹن سے بالمشافہ ملاقات ہوگی، دورے کی لمحہ بہ لمحہ کوریج کیلئے جیو نیوز کی ٹیم ماسکو میں موجود ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کا دورہ روس تاریخی اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ عمران خان دو دہائیوں بعد روس کا دورہ کرنے والے پہلے پاکستانی وزیراعظم ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی خصوصی دعوت پر روس کے 2 روزہ تاریخی سرکاری دورے پر  گئے ہیں۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، چوہدری فواد حسین، اسد عمر، حماد اظہر، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف اور عامر محمود کیانی بھی دورے میں وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

وزیراعظم عمران خان اور  روس کے صدر پیوٹن کے مابین ملاقات اس دورے کا اہم ترین جزو ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان ماسکو میں روس کی سب سے بڑی مسجد و اسلامک سینٹر کا دورہ بھی کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان سے اہم روسی قیادت بشمول نائب وزیر اعظم، روسی سرمایہ کار اور تاجر بھی ملاقاتیں کریں گے۔

صدر پیوٹن سے ملاقات میں وزیر اعظم بین الاقوامی اور خطے کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ملاقات میں روس پاکستان تعلقات خصوصاً توانائی کے شعبے پر بات چیت ہوگی۔

اس کے علاوہ اسلاموفوبیا اور افغانستان کی صورتحال بھی زیر غور آئےگی۔

مزید خبریں :