25 فروری ، 2022
یوکرین پر حملے کے بعد روس کی پیشقدمی جاری ہے اور اب جنگ دارالحکومت کیف کے ارد گرد پہنچ چکی ہے۔
روسی فضائیہ کی جانب سے مختلف شہروں پر بمباری جاری ہے اور ایسے میں شہریوں نے زیر زمین ریلوے اسٹیشنز میں پناہ لے رکھی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ہزاروں کی تعداد میں افراد جانیں بچانے کیلئے زیر زمین اسٹیشنز میں موجود ہیں۔
وہیں دوسری جانب یوکرینی وزیر دفاع کی جانب سے روسی فوج کا مقابلہ کرنے کیلئے شہریوں کو ‘مولوٹوف کاک ٹیل’ یا پیٹرول بم بنانے کی ترغیب دی جارہی ہے۔
اس کے علاوہ یوکرین نیشنل گارڈز کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے شہریوں کو مولوٹوف کاک ٹیل بنانے کا طریقہ بھی بتایا جارہا ہے۔
مولوٹوف کاک ٹیل کو باآسانی گھر میں بنایا جاسکتا ہے جس کیلئے کسی بڑی تیاری کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ شیشے کی بوتل میں پیٹرول، الکحل یا دوسرا آتش گیر مادہ بھر کر آگے کپڑے لگا دیا جاتا ہے۔
اس بم کو آگ لگا کر ٹارگٹ پر پھینکا جاتا ہے اور اس سے فوری آگ بھڑک اٹھتی ہے جبکہ اس میں تیزاب یا بلیچ بھی بھر کر حملہ کیا جاسکتا ہے۔
اس طریقہ کو استعمال کرکے فوج کی پیشقدمی کو کسی حد تک روکا جاسکتا ہے اور یہ 1939 میں سوویت یونین اور فن لینڈ کی لڑائی میں استعمال کیا گیا۔