26 فروری ، 2022
یوکرین پر حملے کو جواز بنا کر کینیڈا اور برطانیہ نے روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن اور وزیر خارجہ سرگئی لاوروف پر پابندیاں عائد کر دیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق برطانیہ نے روسی صدر پیوٹن اور وزیرخارجہ سرگئی لاوروف کے اثاثے منجمد کر دیے ہیں۔
برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے نیٹو پارٹنر سے گفتگو کے دوران روس کے صدر اور وزیر خارجہ کے اثاثے منجمد کرنےکا کہا تھا۔
یورپی یونین نے روسی صدر پیوٹن اور وزیر خارجہ لاوروف کا نام پابندیوں سے متعلق فہرست میں شامل کرلیا ہے۔
یورپی یونین خارجہ پالیسی کے سربراہ نے پیوٹن اور لاوروف کا نام فہرست میں شامل کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔
کینیڈین وزیراعظم جسٹس ٹروڈو نے بھی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور وزیر خارجہ سرگئی لاوروف پر پابندی عائد کر دی ہے۔
جسٹن ٹروڈو نے یوکرین پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ روس کو سوئفٹ بینکنگ سسٹم سے روکنے کی حمایت کرتے ہیں۔
ادھر وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ امریکا بھی روسی صدر پیوٹن اور وزیر خارجہ سرگئی لاوروف پر پابندیاں لگائے گا۔