26 فروری ، 2022
جنگ زدہ ملک یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کی ملٹری بیس میں کافی پینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
روس کی جانب سے حملے کے باعث گزشتہ تین روز سے یوکرین دھماکوں اور فائرنگ سے گونج رہا ہے، تین روز میں جنگ میں اب تک 150 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
روس کی جانب سے یوکرین کے ملٹری انفرا اسٹرکچر اور ائیر ڈیفنس سسٹم کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے تو یوکرین کی جانب سے بھی روس کے متعدد حملے پسپا کرنے کا کہا جا رہا ہے۔
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کی جانب سے ملک سے فرار ہونے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ آخری دم تک ملک کی آزادی کا دفاع کریں گے۔
سوشل میڈیا پر ولادیمیر زیلنسکی کی ایک اور ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے جس میں انہیں ایک ملٹری بیس میں فوجی کے ساتھ کافی پیتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ولادیمیر زیلنسکی پرسکون انداز میں فوجی لباس پہنے فوجیوں سے محو گفتگو ہیں اور گرما گرم کافی پی رہے ہیں۔ ان کے ساتھ بیٹھا فوجی بھی کافی سے محظوظ ہو رہا ہے۔
اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کی متعدد تصاویر بھی وائرل ہیں جس میں انہیں فوجی وردی میں دیکھا جا سکتا ہے۔