Time 26 فروری ، 2022
دنیا

ولادیمیر زیلنسکی کا اداکار سے یوکرین کا صدر بننے تک کا سفر

زیلنسکی نے 2003 میں ایک پروڈکشن کمپنی بنائی اور کامیڈی ٹیم کو ’کروٹل 95‘ کا نام دیا__فوٹو: فائل
زیلنسکی نے 2003 میں ایک پروڈکشن کمپنی بنائی اور کامیڈی ٹیم کو ’کروٹل 95‘ کا نام دیا__فوٹو: فائل

کون جانتا تھا کہ 2015 میں ریلیز  ہونے والی ٹی وی سیریز 'سرونٹ آف پیپل' میں صدر کا کردار نبھانے والا اداکار 'ولادیمیر زیلنسکی' چار سال بعد 2019 میں حقیقی طور پر  یوکرین کا صدر  بن جائے گا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ولادیمیر زیلنسکی نے سرونٹ آف دی پیپل میں ایک استاد  'ویزلی گولوبورو'کا کردار نبھایا جس کی ایک ویڈیو وائرل ہوتی ہے، ویڈیو میں وہ بطور استاد ملک میں کرپشن کے خلاف ایک جذباتی تقریر کرتے ہیں جو لوگوں کو پسند آتی ہے اور وہ ملک کی صدارت تک پہنچ جاتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یوکرینی صدر نے اپنی جماعت کا نام بھی اسی ٹی وی پروگرام کے نام ’سرونٹ آف دی پیپل‘ پر رکھا اور انتخابی مہم کرپشن کے خاتمے اور ملک کے مشرقی حصے میں امن بحال کرنے کے نعرے پر چلائی۔

ولادیمیر زیلنسکی کی پیدائش یوکرین کے شہر کریویرخ میں یہودی والدین کے ہاں ہوئی جنہوں نے دارالحکومت کیف کی نیشنل اکنامک یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی لیکن انہیں اداکاری میں دلچسپی تھی اور انہوں نے اسی شعبے کا انتخاب کیا۔

زیلنسکی نے 2003 میں ایک پروڈکشن کمپنی بنائی اور کامیڈی ٹیم کو  ’کروٹل 95‘ کا نام دیا، 2010 تک ولادیمیر زیلنسکی کی ساری توجہ اپنے ٹی وی کیریئر پر ہی مرکوز رہی۔

فوٹو فائل
فوٹو فائل

2019 میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں ولادیمیر زیلنسکی نے اس وقت کے صدر پیٹرو پوروشینکو کو ایک واضح مارجن سے شکست دی اور ملک کے حقیقی صدر بن گئے۔

انہوں نے 73 فیصد ووٹ حاصل کرکے 20 مئی 2019 کو ملک کے چھٹے صدر کا حلف اٹھایا اور 4 کروڑ 40 لاکھ لوگوں کے رہنما بن گئے۔

مزید خبریں :