Time 27 فروری ، 2022
دنیا

امریکا نے روس پر اقتصادی پابندیوں کو تیسری عالمی جنگ سے گریز کی کوشش قرار دیدیا

امریکی صدر بائیڈن نے روس پر اقتصادی پابندیوں کو تیسری عالمی جنگ سے گریز کی کوشش قرار دیدیا۔

صدر جو بائیڈن نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمارے پاس دو آپشنز ہیں، ایک یہ کہ روس کے خلاف عملی جنگ میں شریک ہوں اور دوسرا آپشن یہ ہے کہ روس کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی قیمت چکانا پڑے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ یوکرین پر فوجی حملے کی روس کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

ادھر جرمنی نے روسی پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کر دیا۔

جرمن ائیر لائن نے ایک ہفتے تک روس کے لیے اپنی پروازیں معطل کر دی ہیں اور ائیر لائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ روس کی فضائی حدودو بھی استعمال نہیں کی جائے گی۔

یورپی یونین، امریکا اور اتحادیوں نے کئی روسی بینکوں کو مرکزی بین الاقوامی ادائیگی نظام سے منقطع کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔

صدر یورپین کمیشن کا کہنا ہے کہ مخصوص روسی بینکوں کو سوئفٹ بینکنگ سسٹم سے نکال دیا جائے گا جس سے روس کی درآمدات اور برآمدات بند ہو جائیں گی۔

صدر یورپی کمیشن کے مطابق بین الاقوامی ادائیگی نظام سے منقطع کرنے کے بعد روسی مرکزی بینک مفلوج ہو جائےگا۔

روسی بینکوں کو سوئفٹ نظام سے نکالنا ہماری فتح ہے: یوکرین کے صدر 

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے امریکا اور اتحادیوں کی جانب سے روسی بینکوں کو سوئفٹ بیکنگ نظام سے نکالنے کے فیصلے کو خوش آئند اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ روسی بینکوں کوسوئفٹ بینکنگ نظام سے نکالنا ہماری فتح ہے، روس کویورپی یونین کے اقدام سے اربوں ڈالر کا نقصان ہوگا۔

یاد رہے کہ 2012 میں ایران کو بھی بین الاقوامی ادائیگی کے سوئفٹ نظام سے باہر نکالا گیا تھا۔

مزید خبریں :