28 فروری ، 2022
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان آج قوم سے خطاب میں بہت بڑا اعلان کریں گے۔
جیکب آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان آج شام 6 بجے قوم سے خطاب کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا کہ وہ آج قوم سے بڑا اعلان کرنے جا رہے ہیں، قوم تیار ہو جائے وزیراعظم آج دل کی بات کریں گے اور قوم سے کھل کر بات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جانتے ہیں کہ ایک ٹولہ جمع ہوگیا ہے، وزیراعظم تجدیدعہد کے لیے دیگر صوبوں کی طرح سندھ بھی آنے والے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد جانے والےہر کارکن کو 30 ہزار روپے دیے گئے، پیپلز پارٹی نے لانگ مارچ کے لیے ٹاؤن کمیٹیوں سے 3، 3 لاکھ روپے لیے، بلاول پنجاب جا سکتے ہیں تو کیا میں سندھ نہیں آ سکتا، آج ہم لاڑکانہ پہنچیں گے اور اپنی بات کریں گے۔
ان کا کہنا تھا آج پوچھنے آیا ہوں کہ سندھ کا خزانہ کیوں خالی ہو گیا؟ا سی کا حساب لینے آئے ہیں، این ایف سی ایوارڈ میں جو وسائل دیے گئے وہ کہاں گئے، سندھ حکومت اپنی ناکامیوں کا ملبہ وفاق پر ڈالنا چاہتی ہے جسے قبول نہیں کریں گے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عمران خان 3 سال کا حساب دیں گے، آصف زرداری 12 سال کا حساب دیں۔
یوکرین میں پھنسے پاکستانی طلبہ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یوکرین میں ہمارے 3000 طالبعلم ہیں، کل یوکرینی ہم منصب سے پاکستانی طالب علموں کے محفوظ انخلا پر بات ہوئی، انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ طالبعلموں کو بارڈر پر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔