28 فروری ، 2022
بیجنگ: چین کا کہنا ہے کہ روس یوکرین کشیدگی کے باعث پیدا ہونے والے مسائل کے حل کے لیے ماسکو پر مغربی پابندیوں کی حمایت نہیں کرتے۔
چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چین غیر قانونی یکطرفہ پابندیوں کی مخالفت کرتا ہے، پابندیاں مسائل حل نہیں کرتیں، صرف نئی مشکلات پیدا کرتی ہیں۔
چین کی وزارت خارجہ نے جوہری ہتھیار ہائی الرٹ رکھنے کے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تمام ممالک کے جائز سیکورٹی خدشات کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔
چین نے تمام فریقین کو پُرسکون رہنے اور مزید کشیدگی سے گریز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چین ہمیشہ امن اور انصاف کے ساتھ کھڑا ہے۔
خیال رہے کہ روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے باعث امریکا اور یورپی ممالک نے ماسکو پر فضائی، معاشی اور سفارتی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
امریکا اور اس کے اتحادیوں کا کہنا ہے کہ معاشی پابندیوں سے روس کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچے گا جو روس کے یوکرین پر حملے کا جواب ہے۔