28 فروری ، 2022
وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں کورونا وائرس کے دوران حکومتی اقدامات کو عالمی طور پر سراہنے کا بھی بتایا۔
قوم سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھاکہ تحریک انصاف کوکہاجاتا ہےکہ بڑی نالائق حکومت ہے لیکن عالمی ادارہ صحت نے پاکستان کی کورونا کے خلاف حکمت عملی کوسراہا۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈبینک نے احساس پروگرام کو دنیا کے 4 بہترین پروگرامز میں سے ایک قرار دیا جبکہ دی اکانومسٹ کہتاہے کہ کورونا سے بہترین طریقے سے نمٹنے میں 190 ملکوں میں پاکستان پہلے 3 میں شامل ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ’بل گیٹس ملنے آئے تو خاص پوچھا کہ کیا قدم اٹھائے تھے کہ اتنے بڑے چیلنج سے بہتر نکلے، وہ این سی او سی گئے اور تعریفیں کیں، یہ بھی تعریف کی ایک طرف کورونا سے لڑ رہے تھے اور دوسری طرف پاکستان میں کوئی پولیو کیس سامنے نہیں آیا‘۔
وزیراعظم نے اپوزیشن جماعتوں سے سوال کیا کہ دونوں جماعتیں بتائیں کہ کیاکبھی دنیا نے ان کی حکومتوں کی تعریف کی؟
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں مائیکرو سافٹ کے بانی بِل گیٹس نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور اس دوران صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر حکام سے ملاقاتیں بھی کیں۔