28 فروری ، 2022
فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے یوکرین پر حملے کے بعد روسی ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت پر پابندی لگادی۔ْ
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فیفا نےہرقسم کی فٹبال مقابلوں میں روس کےحصہ لینے پر بھی پابندی لگادی ہے۔
فیفا اور دی یونین آف یورپین فٹبال ایسوسی ایشن (یوئیفا) نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس کسی بھی قسم کےفٹبال مقابلوں میں شرکت نہیں کرسکے گا۔
رپورٹس کے مطابق روس کی فٹ بال ٹیم پر پابندی کا فیصلہ فیفا کونسل اور یوئیفا کی ایگزیکٹو کمیٹی نے کیا۔
اس کے علاہ یوئیفا نے روسی توانائی کمپنی گیزپروم (Gazprom) کے ساتھ اسپانسر شپ کا معاہدہ بھی منسوخ کر دیا ہے، یہ معاہدہ 2012 سے جاری ہے اور اس کی قیمت تقریباً 40 ملین یورو فی سیزن بتائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ روس کی قومی فٹبال ٹیم نے 24 مارچ کو قطر 2022 ورلڈکپ کے پلے آف میں پولینڈ کے ساتھ کھیلنا تھا۔
رپورٹس کے مطابق اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ روس موسم گرما میں انگلینڈ میں ہونے والے خواتین کے یورو 2022 میں مقابلہ حصہ نہیں لے گا۔
یاد رہے کہ کچھ روز قبل یوئیفا چیمپئن شپ 2021-22 کے فائنل کی میزبانی روس سے واپس لے لی گئی تھی جبکہ یوکرین کے ہمسایہ ملک پولینڈ نے روس کی جانب سے یوکرین میں فوجی کارروائی کے خلاف روس سے فٹ بال ورلڈکپ کا کوالیفائر میچ کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔
اس کے علاوہ سوئیڈن نے بھی اگلے ماہ روس کے خلاف ورلڈ کپ کوالیفائر میچز کھیلنے سے منع کردیا تھا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل فیفا نے بین الاقوامی میچز میں روسی پرچم اور ترانے کے استعمال پر پابندی عائد کی تھی اور کہا تھا کہ روس میں کوئی بھی بین الاقوامی فٹ بال میچ نہیں کھیلا جائے گا۔