01 مارچ ، 2022
کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 22 میں پولیس پر حملہ اسٹریٹ کرائم کی عام واردات نہیں بلکہ دہشت گردی کی منظم کاروائی ظاہر ہو رہا ہے۔
جیو نیوز کو پولیس موبائل پر دہشت گردوں کے حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز موصول ہوئی ہیں جس میں پولیس اہلکاروں کو گاڑی بھگا کر لے جاتے جب کہ ملزمان کو پولیس کی گاڑی کے پیچھے بھاگ بھاگ کر فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
واقعہ کے بعد پولیس نے اسے اسٹریٹ کرائم کی عام واردات قرار دیا تھا، فوٹیج میں تین موٹر سائیکلوں پر سوار 5 ملزمان کو پولیس موبائل کو نشانہ بناتے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ ملزمان سڑک پر کھلے عام پولیس موبائل کا راستہ روک کر فائرنگ کرتے نظر آتے ہیں۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکاروں کو حملہ آوروں پر جوابی فائرنگ کا موقع ہی نہ ملا اور انہوں نے راہ فرار اختیار کی جبکہ پانچ حملہ آوروں میں سے تین نے ہیلمٹ لگا رکھے تھے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق فوٹیج میں سیاہ کوٹ پینٹ اور ٹائی پہنے بیگ پکڑے ملزم کو بھی فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ ایف بی انڈسٹریل ایریا میں پولیس موبائل پر حملہ صبح 11 بج کر 2 منٹ پر کیا گیا، فوٹیج کے مطابق پولیس موبائل نے جیسے ہی موڑ کاٹا وہاں موجود ملزم نے موٹر سائیکل سے اتر کر فائرنگ کی۔
فائرنگ کرنے والے ملزمان کو پولیس کے تعاقب میں بھاگتے فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ملزم کے ساتھیوں نے بھی موٹر سائیکلوں سے اتر کر پولیس موبائل پر فائرنگ کی۔ فائرنگ کے بعد پانچوں ملزمان باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ زخمی پولیس اہلکار کو 3 گولیاں لگی ہیں اور اس کی حالت تشویشناک ہے۔