Time 02 مارچ ، 2022
سائنس و ٹیکنالوجی

یوکرین سے اظہارِ یکجہتی، ایپل نے روس میں اپنی مصنوعات کی فروخت روک دی

یوکرینی شہریوں کی حفاظت اور احتیاطی اقدامات کے طور پر ایپل نے اپنے خصوصی فیچر میپس پر ٹریفک اور ملک میں ہونے والے لائیو واقعات کو دکھانا روک دیا ہے__فوٹو فائل
 یوکرینی شہریوں کی حفاظت اور احتیاطی اقدامات کے طور پر ایپل نے اپنے خصوصی فیچر 'میپس' پر ٹریفک اور ملک میں ہونے والے لائیو واقعات کو دکھانا روک دیا ہے__فوٹو فائل

روس کی جانب سے یوکرین پر بمباری اور مسلسل حملوں کے بعد امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے بھی روس میں اپنی سروسز  کو محدود اور مصنوعات کی فروخت کو مکمل طور پر روک دیا۔

اس سے قبل دیگر ٹیکنالوجی کمپنیوں فیس بک، ٹوئٹر، گوگل اور یوٹیوب نے بھی روس پر کچھ پابندیاں عائد کی  تھیں اور اشتہارات سے ہونے والی آمدنی اور دیگر سروسز روکنے کا اعلان کیا تھا۔

کمپنی نے یوکرینی شہریوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ہم روسی حملوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات پر فکر مند ہیں اور آپ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اب روس میں ایپل نے اپنی سروسز 'ایپل پے' اور 'ایپل میپس' تک صارفین کی رسائی کو بھی محدود کردیا ہے۔

روسی خبر رساں ایجنسی آر آئی اے کے مطابق روسی زبان میں موبائل بینکنگ کے لیے استعمال ہونے والی ایپلی کیشنز مثال کے طور پر  Russia's VTB Bank's app  جلد ہی ایپل کے آئی او ایس سسٹم پر کام کرنا چھوڑ دے گی۔

ایک بیان میں کمپنی کے ترجمان نے بتایا کہ یوکرینی شہریوں کی حفاظت اور احتیاطی اقدامات کے طور پر ایپل نے اپنے خصوصی فیچر 'میپس' پر ٹریفک اور  ملک میں ہونے والے لائیو واقعات کو دکھانا روک دیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل یوکرین کے نائب اور ٹیکنالوجی وزیر مائیخیلو  فیڈورو نے ٹوئٹر پر ایپل کمپنی کے لیے پیغام جاری کیا تھا جس میں انہوں نے روس میں اپنی سروسز ختم اور مصنوعات کی فروخت روکنے کا کہا تھا۔


مزید خبریں :