02 مارچ ، 2022
بالی وڈ اداکار اور ڈانسر ٹائیگر شروف آج اپنی 32 ویں سالگرہ منارہے ہیں۔
بالی وڈ میں اپنی جگہ بنانے کیلئے کئی اداکار اپنا اصلی نام تبدیل کرکے فلمی نام رکھ لیتے ہیں جس کی سب سے بڑی مثال دلیپ کمار اور اکشے کمار ہیں، دلیپ کمار کا اصل نام یوسف خان تھا جبکہ اکشے کا نام راجیو بھاٹیا ہے۔
کیا آپ جانتے ہیں ہیروپنتی فلم سے بالی وڈ میں قدم رکھنے والے ٹائیگر کا اصلی نام کیا ہے ؟
اگرآپ کو نہیں معلوم تو آج ہم آپ کو بتاتے ہیں، اپنے ایکشن اور ڈانس سے سب کو متاثر کرنے والے ٹائیگر کا اصلی نام 'جے ہیمنت شروف' ہے۔
ٹائیگر نے اپنا نام کیوں تبدیل کیا؟
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک پرانے انٹرویو میں ٹائیگر شروف نے انکشاف کیا تھا کہ وہ بچپن میں اپنے اصلی نام ہیمنت کے بجائے ٹائیگر کے نام سے مشہور تھے کیونکہ انہیں لوگوں کو دانتوں سے کاٹنے کی عادت تھی جس کی وجہ سے لوگ ان کا موازنہ ٹائیگر سے کرتے تھے۔
ہندوستان ٹائمز کو دیے گئے پرانے انٹرویو میں ٹائیگر نے کہا تھا کہ 'میں نے ایک دن اپنے ٹیچر کو بھی کاٹ لیا تھا جس کی وجہ سے مجھے سزا بھی ملی تھی'۔
انہوں نے کہا کہ یہی وجہ تھی کہ سب نے مجھے ٹائیگر پکارنا شروع کردیا تھا اور تب سے ان کا نام ’ ٹائیگر شروف‘ ہوگیا۔
واضح رہے کہ ٹائیگر شروف 2 مارچ 1990 کو بالی وڈ کے مشہور ادکار جیکی شروف اور عائشہ شروف کے ہاں پیدا ہوئے تھے ۔