03 مارچ ، 2022
مسلم لیگ ن لیگ کے سینیئر رہنما رانا ثناءاللہ نےامپائر کے نیوٹرل ہونےکے مولانا فضل الرحمان کے بیان کی تصدیق کردی۔
پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد وزیراعظم یا اسپیکر کے خلاف کب پیش کرنی ہے فیصلہ نواز،مولانا،زرداری سطح پرہوگا۔
انہوں نے کہاکہ اتحادی ہاں کی پوزیشن میں ہیں نہ نا کی پوزیشن میں جبکہ طارق بشیر چیمہ نے واضح کہا کہ عدم اعتماد پرفیصلہ نہیں کیا ۔
دوسری جانب وفاقی وزیر فوادچوہدری نے کہا کہ وزیراعظم کی چوہدری برادران سے ملاقات میں طارق بشیر چیمہ موجود نہیں تھے، میں تو وہی بات کرسکتا ہوں، جو میرے سامنے ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری برادران حکومت کے ساتھ ہیں، اور رہیں گے، ادارے حکومت کے ساتھ ہوتے ہیں ،نیوٹرل نہیں ہوتے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اگلے 48 گھنٹوں میں حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ان کا کہنا مزید کہنا تھاکہ امپائر بظاہر نیوٹرل نظر آ رہے ہیں، ہم نے امپائر سے کوئی سپورٹ نہیں لینی، امپائر سے اس حکومت کی سپورٹ ختم کرانا تھی ۔