04 مارچ ، 2022
روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات میں عام شہریوں کو محفوظ راہداری فراہم کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق یوکرین کے ایک مذاکرات کار نے جمعرات کو کہا کہ روس کے ساتھ جنگ بندی کے دوسرے دور کے مذاکرات کے وہ نتائج نہیں نکلے جس کی ہمیں اُمید تھی لیکن دونوں ملک عام شہریوں کے انخلا کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر راہداری فراہم کرنے پر سمجھوتہ کر چکے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یوکرین کے صدارتی مشیر میخائیلو پودولیاک نے کہا کہ دونوں ملکوں نے شہریوں کے انخلاء کی اجازت دینے کے لیے ممکنہ عارضی جنگ بندی تصور کرلی ہے۔
انہوں نےمزید کہا کہ اس فیصلے پر عملدرآمد صرف ان جگہوں پر ہوگا جہاں انسانی ہمدردی کی راہداری خود قائم ہوگی جس کی وجہ سے انخلاء کی مدت تک فائر بندی کرنا ممکن ہو گا ۔
واضح رہے کہ اس سے قبل دونوں ملک ان جگہوں پر ادویات اور خوراک کی ترسیل پر بھی سمجھوتہ کر چکے ہیں جہاں شدید ترین لڑائی ہو رہی تھی، روس کے یوکرین پر حملے کے بعد سے یہ پہلا موقع تھا کہ دونوں فریقین نے کسی بھی معاملے پر کسی بھی قسم کی پیش رفت پر اتفاق کیا۔