07 مارچ ، 2022
یوکرین کے شہر زپوریشیا میں روسی فوج کے قبضے کے بعد ایک ماں نے اپنے 11 سالہ بیٹے کی جان بچانے اور بہتر مستقبل کے لیے تنہا ہی ایک ہزارکلومیٹردور دوسرے ملک سلواکیا بھیج دیا۔
امریکی خبر رساں ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق بچے کے پاس ایک پلاسٹک بیگ، پاسپورٹ اوراس کی ماں کی جانب سے سلواکیا کی حکومت کولکھا گیا شکریہ کا خط موجود تھا، اس کے علاوہ اس کے ہاتھ پر فون نمبر بھی لکھا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ماں نے بچے کو ٹرین میں بٹھاکر قریبی رشتے دار کے ہاں روانہ کیا جب کہ وہ خود اپنی بیمار ماں کی وجہ سے یوکرین چھوڑ کر نہ جاسکیں۔
تاہم بچہ جب سلواکیا پہنچا تو حکام نے ائیرپورٹ پر اس کا استقبال کیا اور ساتھ ہی ائیرپورٹ سے کئی تصاویر بھی جاری کیں، ائیرپورٹ پر موجود رضاکاروں نے بچے کو کھانا مہیا کیا اور پھر اس کے رشتے داروں کے گھر پہنچادیا۔
سلواکیا کی پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا گیا جس میں اس ننھے بچے کو ہیرو قرار دیا جب کہ بچے کے بلند حوصلے کی بھی تعریف کی گئی۔