دنیا
Time 07 مارچ ، 2022

’روسی فوج نے یوکرین کے ایٹمی پلانٹ پر انٹرنیٹ اور موبائل نیٹ ورک بند کردیے‘

یوکرین کے سب سےبڑے ایٹمی پلانٹ پر موجود عملے کو وہاں کسی بھی آپریشن کے لیے روسی فوج کی منظوری درکار ہے: سربراہ آئی اے ای اے/ فوٹو سوشل میڈیا
یوکرین کے سب سےبڑے ایٹمی پلانٹ پر موجود عملے کو وہاں کسی بھی آپریشن کے لیے روسی فوج کی منظوری درکار ہے: سربراہ آئی اے ای اے/ فوٹو سوشل میڈیا

انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے سربراہ کا کہنا ہےکہ روسی افواج یوکرین کے ایٹمی پلانٹ میں مداخلت کررہی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کےمطابق انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے سربراہ رافیل گروسی نے ایک بیان میں کہا کہ روسی فوج نے زاپروژیا کے ایٹمی پلانٹ پر اپنا کنٹرول سخت کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس یہ اطلاع موجود ہے کہ یوکرین کے سب سےبڑے ایٹمی پلانٹ پر موجود عملے کو وہاں کسی بھی آپریشن کے لیے روسی فوج کی اجازت درکار ہے حتیٰ کہ مینٹیننس کے کام کے لیے بھی روسی فوج کی اجازت ضروری قرار دی گئی ہے۔

رافیل گروسی کا کہنا تھا کہ روسی فوج نے ایٹمی پلانٹ پر موبائل نیٹ ورک اور انٹرنیٹ کو بھی بند کردیا ہے اور ضروری اطلاعات روکنے کے لیے عام حالات میں استعمال کیے جانے والے چینلز کو بھی بند کیا جارہا ہے ۔

ڈائریکٹر آئی اے ای اے نے یوکرین کے ایٹمی پلانٹ پر روسی افواج کی ان سرگرمیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

ان کاکہنا تھا کہ ان حالات میں ایٹمی پلانٹ کو محفوظ طریقے سے چلانے کے لیے اس کے عملے کو بغیر کسی مداخلت اور دباؤ کے اپنی ذمہ داریاں نبھانے کی اجازت دی جانی چاہیے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز آئی اے ای اے کو اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ ایٹمی پلانٹ پر فون لائنز، ای میل، فیکس کام نہیں کررہے جب کہ موبائل فون نیٹ ورک کی صورتحال انتہائی خراب ہے۔

مزید خبریں :