Time 08 مارچ ، 2022
کھیل

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی ٹیسٹ ڈرا ہوگیا

ٹیسٹ میچ کے آخری دن دوسری اننگز میں قومی ٹیم نے بغیرکسی نقصان کے 252 رنز بنائے،فوٹو: پی سی بی
ٹیسٹ میچ کے آخری دن دوسری اننگز میں قومی ٹیم نے بغیرکسی نقصان کے 252 رنز بنائے،فوٹو: پی سی بی

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ ڈرا ہوگیا۔

 ٹیسٹ کے آخری روز  پاکستان نے دوسری اننگز میں 252 رنزبنائے، عبداللہ شفیق نے136 اور امام الحق نے 111 ناقابل شکست رنزبنائے۔

اس سے قبل پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 476 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی، پاکستان کی جانب سے اظہر علی نے 185 اور امام الحق نے 157 رنزکی شاندار اننگز کھیلی تھیں۔

اپنی پہلی اننگز میں مہمان ٹیم 459 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور پاکستان کو 17 رنز کی برتری حاصل تھی۔

 آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ نے97،مارنس لبوشین نے90 ، اسٹیواسمتھ نے78، ڈیوڈ وارنر نے 68 اور کیمرون گرین نے48 رنزبنائے۔

پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے 6 وکٹیں حاصل کیں، ان کے علاوہ شاہین آفریدی نے 2، نسیم شاہ اور ساجد خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹیسٹ میچ کے آخری دن دوسری اننگز میں قومی ٹیم نے بغیرکسی نقصان کے 252 رنز بنائے، دونوں اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے سنچریاں اسکورکیں، عبداللہ شفیق نے 136 اور امام الحق نے111 ناقابل شکست رنزبنائے۔

 اوپنر امام الحق کو عمدہ بیٹنگ پر پلیئر آف دی میچ قرار دیاگیا جب کہ پاکستان کے اسپنر نعمان علی میچ کے بہترین بولر قرار پائے۔

آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ نا صرف کراؤڈ بلکہ راولپنڈی شہر بھی زبردست ہے، چوبیس سال بعد یہاں آکر کافی اچھا لگ رہا ہے، ہم نے یہاں بہت اچھا تجربہ کیا۔

پاکستانی کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ اگلے میچ میں فل اسٹرینتھ کے ساتھ جائیں گے، اس میچ میں ہمارے مین بولر دستیاب نہیں تھے، لیکن بولرز نے عمدہ کارکردگی دکھائی، فاسٹ بولرز نے اچھی بولنگ کی، نعمان علی نے اپنا تجربہ دکھایا۔

مزید خبریں :