08 مارچ ، 2022
پاکستان تحریک انصاف جہانگیر ترین گروپ کے رہنما علیم خان اسلام آباد پہنچ گئے جہاں ان کی وزیراعظم سے ملاقات کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز گورنر سندھ عمران اسماعیل نے علیم خان سے ملاقات کی تھی جس کے بعد آج علیم خان اسلام آباد پہنچے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ گورنرسندھ بھی آج وزیراعظم سے ملاقات کریں گے جس میں ترین گروپ کے تحفظات پر تفصیلی بریفنگ دیں گے جب کہ علیم خان کی بھی آج وزیراعظم سے ملاقات کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب کے سابق سینئر وزیر علیم خان نے کل جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔
علیم خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت بننے کے بعد جہانگیر ترین سے کام کیوں نہیں لیا گیا، ان کو اہمیت کیوں نہیں دی گئی اس کا جواب آج تک بہت سارے تحریک انصاف کے کارکنوں کو سمجھ نہیں آسکا، وہ تمام لوگ جنہوں نے نئے پاکستان کی جدوجہد میں عمران خان کے ساتھ کام کیا، جدوجہد کو آگے بڑھانے میں خون پسینہ لگایا، ان تمام لوگوں کو کیوں نظر انداز کیا گیا اس کا جواب آج تک نہیں آیا۔