Time 08 مارچ ، 2022
انٹرٹینمنٹ

سوناکشی کا ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد ردِ عمل سامنے آگیا

سوناکشی نے کہا کہ ان افواہوں میں کوئی سچائی نہیں جبکہ یہ ایک بدمعاش کی حرکت ہے جو مجھے ہراساں کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ —فوٹو: فائل
سوناکشی نے کہا کہ ان افواہوں میں کوئی سچائی نہیں جبکہ یہ ایک بدمعاش کی حرکت ہے جو مجھے ہراساں کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ —فوٹو: فائل

بالی وڈ کے سینیئر اداکار اور سیاستدان شتروگھن سنہا کی بیٹی اداکارہ سوناکشی سنہا کا اپنے ناقابلِ ضمانت وارنٹ  گرفتاری جاری ہونے کے بعد ردِ عمل سامنے آگیا ہے۔ 

اداکارہ نے انسٹا گرام پر ایک اسٹوری لگاتے ہوئے لکھا کہ' بغیر کسی  تصدیق کے چند دنوں سے میڈیا پر میرے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ  گرفتاری جاری ہونے کی افواہیں چل رہی ہیں'۔ 

سوناکشی نے کہا کہ ان افواہوں میں کوئی سچائی نہیں جبکہ یہ ایک بدمعاش کی حرکت ہے جو مجھے ہراساں کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

فوٹو: اسکرین شاٹ سوناکشی انسٹاگرام
فوٹو: اسکرین شاٹ سوناکشی انسٹاگرام

اداکارہ نےمزید کہا کہ میں تمام میڈیا ہاؤسز، صحافیوں اور نیوز رپورٹرز سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ اس جعلی خبر کو آگے نہ بڑھائیں کیونکہ اس وجہ سے ایک فرد کے ایجنڈے کو تقویت مل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ یہ شخص پبلسٹی حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور میڈیا میں یہ بدنیتی پر مبنی مضامین شائع کرواکر میری ساکھ پر حملہ کر کے مجھ سے پیسے حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

سوناکشی کا کہنا تھا یہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے جبکہ  میری قانونی ٹیم اس شخص کے خلاف توہین عدالت  اور میری ساکھ کو نقصان پہنچانے پر  ضرور کارروائی کرے گی۔

معاملہ کیا ہے؟

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ نے 2019 میں مبینہ طور پر ایک ایونٹ آرگنائزر سے دہلی میں ہونے والے ایونٹ کا 37 لاکھ بھارتی روپے معاوضہ وصول کیا لیکن پھر اس ایونٹ میں شرکت کرنے سے معذرت کر لی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ آرگنائزر پرمود شرما مراد آباد کا رہائشی ہے جس نے ایک تقریب منعقد کی اور سوناکشی سنہا کو 'مہمان خصوصی' کے طور پر مدعو کیا، پرمود کا کہنا تھا کہ اس نے سوناکشی کو 37 لاکھ روپے ایڈوانس دیے۔

تاہم اداکارہ تقریب میں شرکت نہ کر سکیں جس کے بعد پرمود نے ان سے اپنی رقم واپس مانگی۔

ایونٹ آرگنائزر نے الزام عائد کیا کہ اداکارہ کی منیجر نے رقم واپس کرنے سے انکار کر دیا، سوناکشی سے بارہا رابطہ کرنے کے بعد بھی کام نہیں بنا تو انہوں نے اداکارہ کے خلاف دھوکہ دہی کا کیس درج کروایا۔

بھارتی میڈیا پر بتایا جارہا تھا کہ سوناکشی سنہا کیس درج ہونے کے بعد مبینہ طور پر مراد آباد آئیں اور اپنا بیان ریکارڈ کروایا، اس کے بعد اداکارہ منظر سے غائب ہیں اور عدالت کے بلانے پر بھی نہیں آئیں جس کے بعد مقامی عدالت نے اداکارہ کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔

مزید خبریں :