دنیا
Time 08 مارچ ، 2022

یوکرین میں روس کے 2 سے4 ہزار فوجی ہلاک ہوچکے ہیں، امریکی انٹیلی جنس کا دعویٰ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

امریکی حکومت کے مطابق یوکرین کی حالیہ جنگ میں روس کے اب تک 2 سے4 ہزار فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی خفیہ ایجنسی (ڈی آئی اے) کے سربراہ نےکانگریس کو بریفنگ میں بتایا ہےکہ یوکرین میں جنگ کے حوالے سے روس نے تخمینہ لگانے میں غلطی کی۔

امریکی خفیہ ایجنسی کے سربراہ نے بتایا کہ یوکرین میں روس کے تقریباً 2 ہزار سے 4 ہزار فوجی مارے گئے ہیں، اموات کی تعداد انٹیلی جنس سمیت مختلف ذرائع سے حاصل کی گئی ہے۔

دوسری جانب یوکرین نے دعویٰ کیا ہےکہ خارکیف میں لڑائی کے دوران سینیئر روسی کمانڈر بھی ہلاک ہوا ہے۔ 

ادھر یوکرین نے روس پر ماریوپول سے شہریوں کے انخلا میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام عائد کیا ہے۔

 یوکرینی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ روس انسانی راہداری سے شہریوں کے انخلا میں رکاوٹ ڈال رہا ہے اور انسانی راہداری کی طرف جانے والے راستوں پر حملہ کر رہا ہے، روسی فوج شہر سے بوڑھوں، خواتین اور بچوں کو نہیں جانے دے رہی۔

 خیال رہےکہ  روس نے گذشتہ رات ماریوپول سے شہریوں کے انخلا  کے لیے انسانی راہداری کھولنےکا اعلان کیا تھا۔

مزید خبریں :