Time 08 مارچ ، 2022
دنیا

یوکرین تنازع : یورپی ممالک میں روسی سفارتی مشنز پر حملے ہونے لگے

آئرلینڈ میں روسی سفارت خانے کے دروازے سے ٹرک ٹکرانے کے الزام میں ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا۔ —فوٹو: اسکائی نیوز
آئرلینڈ میں روسی سفارت خانے کے دروازے سے ٹرک ٹکرانے کے الزام میں ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا۔ —فوٹو: اسکائی نیوز

آئرلینڈ میں روسی سفارت خانے کے دروازے سے ٹرک ٹکرانے کے الزام میں ڈرائیورکو گرفتار کرلیا گیا۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی( اے ایف پی )  کے مطابق آئرش پولیس نے بتایا ہے کہ پیر کو دارالحکومت ڈبلن میں روسی سفارت خانے کے دروازے سے ٹرک کے ٹکرا جانے کے بعد ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

واقعے کی فوٹیج سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی، جس میں دیکھا گیا کہ ٹرک سفارت خانے کے بند دروازوں سے ٹکرایا۔

حکام کے مطابق سفارت خانے کے دروازے سے ٹرک ٹکرانے کے بعد ایک مرد کو گرفتار کر کے رتھفرنھم گارڈا سٹیشن لے جایا گیا جہاں وہ فی الحال کریمنل جسٹس ایکٹ 1984 کی دفعہ 4 کے  تحت زیر حراست ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ سفارت خانہ حالیہ دنوں میں یوکرین پر روسی حملے کے خلاف مظاہروں کا مرکز بنا ہوا ہے۔

اس سے قبل جمعہ کے روز، ایک کیتھولک پادری نے قومی ریڈیو پر انٹرویو کے دوران سفارت خانے کے گیٹ پر سرخ پینٹ پھینک دیا تھا۔

دوسری جانب آئرلینڈ کی اپوزیشن رہنماؤں  نے وزیر اعظم مائیکل مارٹن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یوکرین پر حملے کی وجہ سے  روسی سفیر کو ملک بدر کردیں۔

اس کے علاوہ روس نے پیر کے روز  پیرس میں اس کے سائنس اور ثقافتی مرکز پر پیٹرول بم  پھینکے  جانے کے بعد اپنے سفارت کاروں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق پیٹرول بم عمارت پر پھینکا گیا، جس سے کم سے کم نقصان ہوا، البتہ کوئی زخمی نہیں ہوا۔

مزید خبریں :