09 مارچ ، 2022
حکومت نے تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر جلد قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کرلیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اسپیکرہاؤس میں اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر تفصیلی مشاورت کی گئی اور جلد قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے لائحہ عمل بھی طے کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحریک عدم اعتماد کے دن قومی اسمبلی ایوان میں حکومت کا صرف ایک رکن شریک ہوگا اور ووٹنگ والے دن حکومتی ارکان کو اجلاس میں نہ جانے کی ہدایات جاری کی جائیں گی۔
ذرائع نے دعویٰ کیا کہ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آرٹیکل 63 اے کے تحت منحرف حکومتی ارکان کو ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ووٹنگ والے دن پارلیمنٹ میں آنے والے حکومتی ارکان کے خلاف چیئرمین تحریک انصاف اسپیکرقومی اسمبلی کوریفرنس کے حوالے سے خط بھی تحریر کریں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی ہے اور اب ایک روز گزر چکا ہے۔