09 مارچ ، 2022
لندن : سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے لندن میں عاصمہ جہانگیر سیمینار سے خطاب میں کہا کہ عاصمہ جہانگیر انسانی حقوق کی چیمپئن تھیں، انسانی حقوق کیلئے کام کیا اور عدلیہ کیلئے اعلیٰ معیار چھوڑ کر گئیں۔
قاضی فائز عیسٰی نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر کا پاکستانی ریاست میں کردار بہت اہم رہا، معاشرہ عاصمہ جہانگیر کی بات سنتا تھا، انہوں نے ثابت کیا کہ ظلم و جبر قابل شکست ہے۔ عدلیہ انسانی حقوق کو محفوظ بنانے کا ایک ذریعہ ہے۔ پاکستان کے غریب عوام ہمیشہ آئین کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں، انہیں جمہوریت اور آئینی بالادستی کی سمجھ بوجھ ہے۔
قاضی فائز عیسی نے کہا کہ ضروری ہے کہ عوام کی رائے اور خواہشات کا احترام کیا جائے، پاکستانی جمہوریت پر اعتراض کرنے والے بعض اوورسیز پاکستانی مغرب میں یہ اعتراض کیوں نہیں کرتے؟ کیا فوجی آمریت کے ادوار میں پاکستان میں کرپشن کم ہوئی؟ ملک زمین سے نہیں بلکہ لوگوں سے بنتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے یقینی بنایا کہ لاپتہ افراد کے مقدمات روزانہ کی بنیاد پر سنے جائیں، پوری کوشش کی کہ لاپتہ افراد کی بازیابی ہو۔
سیمینار سے عاصمہ جہانگیر کی صاحبزادی سلیمہ جہانگیر نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ میری والدہ ان لوگوں کےحقوق کی بات کرتی تھیں جنہیں ریاست نےنشانہ بنایا۔