Geo News
Geo News

Time 11 مارچ ، 2022
انٹرٹینمنٹ

ثناء جاوید نے اپنے اوپر الزامات کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا آغاز کردیا

اداکارہ نے ایف آئی اے سائبر کرائم سے رابطہ کرلیا جب کہ قانونی نوٹس کا بھی اعلان کا ہے/ فائل فوٹو
اداکارہ نے ایف آئی اے سائبر کرائم سے رابطہ کرلیا جب کہ قانونی نوٹس کا بھی اعلان کا ہے/ فائل فوٹو

اداکارہ ثناء جاوید نے شوبز انڈسٹری کے معروف میک اپ آرٹسٹس،  ماڈلز اور اداکاروں کی جانب سے ان کے رویے پر لگائے گئے الزامات پر ایف آئی اے سائبر کرائم سے رابطہ کرلیا جب کہ قانونی کارروائی کا بھی اعلان کیا ہے۔

گزشتہ کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر شوبز سے منسلک کئی شخصیات نے ثناء جاوید پر نامناسب رویے کے الزامات عائد کیے جس کے بعد اب اداکارہ نے بھی خاموشی توڑ دی ہے۔

ثناء جاوید نے انسٹاگرام پر اطلاع دی کہ وہ اس سارے معاملے کو لیگل نوٹس کے ذریعے حل کریں گی۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ پچھلے 72 گھنٹوں میں مجھے ہر طرح کے جھوٹ اور من گھڑت کہانیوں، نفرت انگیز تحریروں اور دھمکیوں کا نشانہ بنایا گیا۔

اداکارہ کا کہناتھا کہ لوگوں کے ایک گروپ کی طرف سے میرے خلاف ایک سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت مہم شروع کی گئی جس سے ناصرف مجھے بلکہ میرے اہلخانہ کو شدید صدمہ پہنچا ہے، میں یہ دیکھ کر حیران ہوں کہ لوگ کتنے احمق ہوسکتے ہیں اور ہر کوئی حقائق کو جانے بغیر  ان کی باتوں میں آبھی جاتا ہے۔

ثناء جاوید نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ میں ان الزامات پر کسی قسم کا تبصرہ نہیں کروں گی، کیونکہ میرے لیے ان واقعات کا تذکرہ کرنا بھی ناگوار اور شرمناک ہے۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ میں اس معاملے کو قانونی طریقے سے نمٹاؤں گی کیونکہ میں اپنے کام سے پیار کرتی ہوں اور اسے انتہائی احترام کے ساتھ رکھتی ہوں، اپنے پورے کیرئیر میں میں نے اپنے ساتھیوں کا احترام کرتے ہوئے اپنی بنیاد اور اپنی دیانت کو برقرار رکھنے کی پوری کوشش کی ہے، بدلے میں بھی اسی کی توقع رکھتی ہوں۔

ثناء جاوید کا کہنا تھا کہ اب یہ معاملہ قانونی حکام کے پاس ہے اور میں لوگوں کے اس گروہ کے خلاف تمام قانونی آپشنز پر عمل کروں گی۔

پوسٹ کے اختتام پر اداکارہ نے اپنے چاہنے والوں اور اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے رہنے  والے مداحوں کا شکریہ ادا بھی کیا اور کہا کہ آخرکار ایک نا ایک دن سچ سامنے آہی جائے گا۔