11 مارچ ، 2022
امریکا اور اتحادیوں نے روس سے خصوصی تجارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ( اے ایف پی) کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے جمعے کے روز وائٹ ہاؤس میں نیٹو اتحادیوں، جی 7 اور یورپی یونین کے ساتھ مشترکہ طور پر روس کے خلاف اٹھائے جانے والے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور اتحادی روس کے ساتھ خصوصی تجارتی تعلقات ختم کر دیں گے۔
بائیڈن نے کہا کہ امریکا اور اس کے اتحادی روس سے بین الاقوامی تجارتی شراکت داروں کے درمیان مساوی سلوک کی ضمانت کی حیثیت کو چھین لیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ ہم پیوٹن پر اقتصادی دباؤ بڑھانے اور روس کو عالمی سطح پر مزید تنہا کرنے کی کوششوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ امریکی صدر نے روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے بعد مزید سختی کرتے ہوئے روسی سی فوڈ، شراب اور ہیروں پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان پابندیوں میں روسی معیشت کے کئی دستخطی شعبوں سے اشیاء کو ہدف بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ دنوں امریکا نے روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے بعد روسی تیل اور گیس کی درآمدات پر پابندی لگادی تھی۔