Time 11 مارچ ، 2022
دنیا

مشرق وسطیٰ کے 16 ہزار رضا کار یوکرین میں روسی فوج کا ساتھ دینے کیلئے تیار

یوکرین کے خلاف لڑنے کیلئے تیار رضاکاروں میں شام سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں جنہیں شہری علاقوں میں لڑائی کا تجربہ ہے، امریکی حکام— فوٹو: فائل
 یوکرین کے خلاف لڑنے کیلئے تیار رضاکاروں میں شام سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں جنہیں شہری علاقوں میں لڑائی کا تجربہ ہے، امریکی حکام— فوٹو: فائل

روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ وہ غیر ملکی رضاکار جو یوکرین میں روسی فوج کے ساتھ مل کر لڑنے  کے خواہش مند ہیں انہیں اس کی اجازت دی جائے گی اور ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔

روس کی سکیورٹی کونسل کی میٹنگ میں یوکرین سے جنگ اور دیگر معاملات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں روسی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ سے تعلق رکھنے والے 16 ہزار رضاکار روسی فوج کے شانہ بشانہ لڑنے کو تیار ہیں۔ 

اجلاس میں روسی صدر نے کہا ہے کہ غیرملکی رضا کاروں کو روس کیلئے لڑنے کی اجازت دی جائے گی اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔

اس حوالے سے امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یوکرین کے خلاف لڑنے کیلئے تیار رضاکاروں میں شام سے تعلق رکھنے والے جنگجو بھی شامل ہیں جنہیں شہری علاقوں میں لڑنے کا تجربہ ہے۔

دوسری جانب روسی صدارتی محل کا کہنا ہے کہ شام اور مشرق وسطیٰ کے جنگجوؤں کویوکرین میں روس کیلئے لڑنے کی اجازت دی جائے گی۔

صدارتی محل کا کہنا ہے کہ یوکرین میں لڑنے کی خواہش کرنے والوں میں زیادہ ترمشرق وسطیٰ اور شامی شہری ہیں۔

خیال رہے کہ روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کا ساتھ دینے کیلئے دنیا بھر سے کئی افراد رضاکارانہ طور پر کیف اور دیگر شہروں میں پہنچے ہیں جبکہ ایسے رضاکاروں میں ملکہ برطانیہ کے محافظ دستے کا اہلکار بھی شامل ہے۔

مزید خبریں :