Time 14 مارچ ، 2022
پاکستان

ق لیگ پنجاب کے چند اضلاع کی پارٹی ہے: اسد عمر

ن لیگ جی ٹی روڈ اور پیپلز پارٹی اندرون سندھ کی جماعت ہے: وفاقی وزیر۔ فوٹو: فائل
ن لیگ جی ٹی روڈ اور پیپلز پارٹی اندرون سندھ کی جماعت ہے: وفاقی وزیر۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کو پنجاب کے چند اضلاع کی پارٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان پاکستان کی ضرورت ہے۔

پاکستان اوورسیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ 2018 کے الیکشن میں پی ٹی آئی کو پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ کے شہری علاقوں میں سب سے زیادہ ووٹ ملے، گلگت بلتستان میں بھی سب سے زیادہ ووٹ لینے والی جماعت تحریک انصاف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف خیبر سے کراچی ملک بھر کے پاکستانیوں کی پارٹی ہے جبکہ ق لیگ پنجاب کے چند اضلاع کی پارٹی، مسلم لیگ ن جی ٹی روڈ کی پارٹی اور پیپلز پارٹی اندرون سندھ کی پارٹی ہے۔

انہوں نے عمران خان کو پاکستان کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح اور لیاقت علی خان کے بعد تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں، اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو بھی ناکام بنا دیں گے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے پاکستان کو دباؤ کا شکار کرنے کی کوشش کی جاتی رہی ہے، ملک کو مضبوط رکھنے کے لیے ہمارا متحد ہونا ضروری ہے، ملک میں اندرونی چیلنجز کا سامنا ہے، مشکل حالات میں پاکستانیوں نے مقابلہ کرنا ہے، کامیابی کے لیے ملک کو متحد ہونا ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ثابت کر دیا ہے کہ ہم مل کر کسی بھی مشکل کا سامنا کر سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ چند روز قبل وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بھی اپنے ایک بیان میں مسلم لیگ ق کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ ایک جماعت جس کی 5 سیٹیں ہیں وہ عمران خان کو وزارت اعلیٰ کے لیے بلیک میل کر رہی ہے۔

وزیر داخلہ کے اس بیان پر مسلم لیگ ق سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر مونس الٰہی نے بھی شدید ردعمل کا اظہار کیا تھا۔

مزید خبریں :