13 مارچ ، 2022
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے مسلم لیگ ق کے حوالے سے دیےگئے اپنے بیان کی وضاحت کردی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کسی نے سوال پوچھا تو میں نے کہا کہ پانچ سیٹوں والے بھی بلیک میل کر رہے ہیں، میں نے ق لیگ اور چوہدریوں کا نام نہیں لیا۔
شیخ رشیدکا کہنا تھا کہ بلیک میلنگ والی بات کی تو لوگ خفا ہوگئے، اس میں کیا بڑی بات ہے، میں خود اعتراف کر چکا ہوں، یہ بات تو میں نے اپنی کتابوں میں لکھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت میرا بھائی ہے،کبھی ان کے خلاف بات نہیں کروں گا، ساتھ ہی انہوں نے دبے لفظوں میں پیغام بھی دے دیا کہ امتحان کے وقت دوستوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے ۔
شیخ رشید کی وضاحت کے بعد ق لیگ کے رہنما مونس الٰہی کا جواب بھی آگيا، ان کا کہنا تھا کہ شیخ صاحب غلط فہمی دور کرنے کا شکریہ، میں بھی آپ کی اسی طرح عزت کرتا ہوں جس طرح آپ میرے بزرگوں کی عزت کرتے ہیں۔