14 مارچ ، 2022
لاہور: پنجاب کے سابق سینئر وزیر اور وزیراعظم عمران خان کے پرانے ساتھی علیم خان کو منانے کے لیے وفاقی وزرا اور مشترکہ دوست سرگرم ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزرا نے علیم خان سے رابطے تیز کردیے ہیں اور ان کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ فواد چوہدری، پرویز خٹک اور عامر کیانی ترین گروپ کے علیم خان سے بیک ڈور رابطے کررہے ہیں جب کہ علیم خان اہم سیاسی فیصلے کے لیے ترین گروپ کی حتمی حکمت عملی کے منتظر ہیں۔
ذرائع کے مطابق پرویزالٰہی اورترین گروپ کے اپوزیشن کیمپ میں جانے پر علیم خان اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کریں گے اگر ترین گروپ نے چوہدری پرویز الٰہی سے اتحاد کیا توعلیم خان حکومت سے مفاہمت کرسکتے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ علیم خان ترین گروپ کے صرف ایک اجلاس میں شریک ہوئے اور ترین گروپ کے آج کے اجلاس میں بھی علیم خان شریک نہیں ہوں گے، ترین گروپ نے بھی اپنے کسی اجلاس میں علیم خان کو مدعو نہیں کیا۔
ذرائع کے مطابق علیم خان کی لندن میں جہانگیرترین سے بھی ملاقات نہیں ہوسکی ہے لہٰذا علیم خان خاموشی سے آئندہ کےلائحہ عمل کی صف بندی میں مصروف ہیں۔