Time 14 مارچ ، 2022
انٹرٹینمنٹ

سدھو کی کپل شرما شو میں واپسی کی میمز پر ارچنا سنگھ نے خاموشی توڑ دی

سدھو کے چلے جانے کے بعد بھارتی اداکارہ اور کئی کامیڈی شوز کی جج ارچنا پورن سنگھ کو دی کپل شرما شو کا نیا جج مقرر کیا گیا تھا۔ —فوٹو: فائل
سدھو کے چلے جانے کے بعد بھارتی اداکارہ اور کئی کامیڈی شوز کی جج ارچنا پورن سنگھ کو دی کپل شرما شو کا نیا جج مقرر کیا گیا تھا۔ —فوٹو: فائل

بھارتی اداکارہ اور کئی کامیڈی شوز کی جج ارچنا پورن سنگھ نے سوشل میڈیا پر نوجوت سنگھ سدھو کے بھارتی پنجاب میں الیکشن ہارنے کے بعد 'دی کپل شرما شو' میں واپسی کی میمز پر خاموشی توڑ دی۔

2019 میں بھارت کے مشہور کامیڈی شو ' دی کپل شرما شو' میں نوجوت سنگھ سدھو کو پلوامہ حملے پر بیان دینے پر پروگرام میں مستقل جج کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

سدھو کے چلے جانے کے بعد بھارتی اداکارہ اور کئی کامیڈی شوز کی جج ارچنا پورن سنگھ کو  دی کپل شرما شو کا نیا جج مقرر کیا گیا تھا۔

تاہم گزشتہ دنوں بھارتی پنجاب میں کانگریس کے صدر نوجوت سنگھ سدھو الیکشن میں شکست کھاگئے جس کے بعد صارفین  کی جانب سے کئی میمز شیئر کی گئیں جس میں خیال کیا گیا کہ اب وہ دوباہ 'دی کپل شرما شو' میں بحیثیت جج اپنے فرائض انجام دیے سکتے ہیں۔

کچھ صارفین نے کہا کہ اب ارچنا کی بحیثیت جج سیٹ خطرے مں پڑگئی ہے جبکہ کچھ نے کہا کہ سدھو کی شکست کے بعد سب سے اداس ارچنا ہیں۔

بعد ازاں  دی کپل شرما شو کی سیٹ پر کئی میمز بننے کے بعد، ارچنا پورن سنگھ نے آخر کار اپنی خاموشی توڑی اور اپنے اور نوجوت سنگھ سدھو پر بنائے گئے میمز پر اپنا بیان شیئر کیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق  ارچنا کا کہنا تھا کہ 'میں ان میمز سے متاثر نہیں ہوں کیونکہ یہ کوئی نئی چیز نہیں لیکن میں جس چیز پر حیران ہوں وہ یہ ہے کہ ایک شخص جس نے  پروگرام چھوڑ کر سیاست  کو جوائن کیا ہے، اسے  اب بھی  اس شو سے دوبارہ جوڑا جارہا ہے'۔

انہوں نے کہا کہ میں کبھی سیاست میں شامل نہیں رہی، شو میں میرا ایک خاص کردار ہے، جسے میں پوری لگن سے نبھا رہی ہوں لیکن جب سدھو کے ساتھ کچھ نیا ہوتا ہے تو مجھ پر میمز بنائے جاتے ہیں کیا یہ عجیب بات نہیں ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر لوگ ایسا برتاؤ کر رہے ہیں جیسے میرے پاس صرف یہ کام ہے اور زندگی میں کوئی اور کام نہیں۔

ارچنا نے مزید کہا کہ اگر کبھی سدھو واپس آنے کا فیصلہ کرتے ہیں یا شو  کے پروڈیوسرز سدھو کو واپس  لانا  چاہتے ہیں تو میں ان کے فیصلے کا احترام کروں گی اور کوئی اور پروجیکٹ تلاش کرنا شروع ہوجاؤں گی۔

مزید خبریں :