14 مارچ ، 2022
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار ایاز صادق نے ڈی چوک اسلام آباد پر 20 لاکھ افراد لانے کا دعویٰ کردیا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اگر ڈی چوک پر 10 لاکھ افراد لائے گی تو ہم 20 لاکھ افراد لائیں گے تاکہ وہ ہمارے لیے راستہ بنا سکیں۔
پروگرام میں موجود جے یو آئی کے رکن قومی اسمبلی مولانا جمال الدین نے کہا کہ اگر حکومت کے ایک لاکھ افراد کے مقابلے میں ہم صرف 10سے 15 رضاکار لے آئے تو وہ اُن ایک لاکھ افراد کو چلنے نہیں دیں گے۔
ق لیگ کے سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ اس قسم کی مقابلہ بازی نہیں ہونی چاہیے، اس سے سسٹم کو خطرہ ہوسکتا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے تحریک عدم اعتماد سے قبل ڈی چوک پر جلسے کا اعلان کیا ہے اور وزیراعظم نے رہنماؤں کو 10 لاکھ افراد لانے کا ٹاسک دیا ہے۔