‘مِس مارول’ کا ٹریلر جاری، فواد خان کہیں نظر نہیں آئے

مس مارول’ سیریز کیلئے پاکستانی اداکار فواد خان نے بھی اپنے کرادار کی تصدیق کی تھی لیکن ٹریلر میں انہیں کہیں نہیں دیکھا گیا— فوٹو: فائل
مس مارول’ سیریز کیلئے پاکستانی اداکار فواد خان نے بھی اپنے کرادار کی تصدیق کی تھی لیکن ٹریلر میں انہیں کہیں نہیں دیکھا گیا— فوٹو: فائل

پاکستانی نژاد کینیڈین اداکارہ ایمان ویلانی ایک مرتبہ پھر تاریخ رقم کرنے کیلئے تیار ہیں، مارول اسٹوڈیوز کے بینر تلے بننے والی ویب سیریز ‘مِس مارول’ میں وہ سپر ہیرو کا کردار نبھائیں گی۔

پاکستانی نژاد  نو عمر اداکارہ ایمال ویلانی  مارول کامِکس کے  پلیٹ فارم سے پہلی بار اسکرین پر نظر آئیں اور تقریباً ایک سال کے قلیل عرصے میں  وہ اپنی صلاحیتیوں کی بنیاد پر مارول کامکس کی پہلی ’مسلم سپر ہیرو‘ کے کردار میں نظر آئیں گی۔

یہ نو عمر اداکارہ ‘مِس مارول’ میں سپر ہیرو کا کردار ادا کرکے تاریخ رقم کرنے جارہی ہیں جس کا ٹریلر گزشتہ روز جاری کیا گیا۔ یہ سیریز  8 جون 2022 کو  ’ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار‘  پر ریلیز کردی جائے گی۔

سیریز میں مرکزی کردار  ’کمالہ خان‘ کا ہے جو اداکارہ ایمان ویلانی ادا کریں گی جبکہ دیگر فنکاروں میں ساغر شیخ، موہن کپور، زینوبیہ شیروف، ماتھ لنٹیز اور ریڈ ڈِیگر شامل ہیں۔

ریلیز ہونے والے ٹریلر میں ’کمالہ خان‘ کو ہائی اسکول میں گائیڈنس کونسلر آفس میں دیکھا جاسکتا ہے، ٹریلر دیکھنے سے معلوم ہوتا ہے کہ ابتدائی طور پر کمالہ خان کا کردار ایک بیوقوف لڑکی کا ہے جس میں کچھ عرصے بعد مافوق الفطرت صلاحیتیں ظاہر ہونا شروع ہوجاتی ہیں اور وہ ’مس مارول‘ بن جاتی ہے۔

‘مِس مارول’ کو گزشتہ برس ریلیز ہونا تھا جسے بعد ازاں کورونا وبا کے باعث ملتوی کردیا گیا تھا۔

‘مس مارول’ سیریز کیلئے  پاکستانی اداکار  فواد خان نے بھی اپنے کرادار کی تصدیق کی تھی لیکن ٹریلر میں انہیں کہیں نہیں دیکھا گیا، ایسا معلوم ہوتا ہے کہ مارول اسٹوڈیوز کی جانب سے فواد خان کے کردار کو  فی الحال راز میں رکھا گیا ہے۔

مزید خبریں :