کھیل
Time 17 مارچ ، 2022

بھارت اور آسٹریلیا کی مشہور شخصیات بھی بابر کی تعریف کیے بنا نہ رہ سکیں

اپنے پیروں پر مرنا گھٹنوں کے بل جینے سے بہتر ہے، بابر اپنے پیروں پر جیا: آسٹریلوی صحافی__فوٹو: ٹوئٹر/پی سی بی
'اپنے پیروں پر مرنا گھٹنوں کے بل جینے سے بہتر ہے'، بابر اپنے پیروں پر جیا: آسٹریلوی صحافی__فوٹو: ٹوئٹر/پی سی بی

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بابر اعظم چٹان کی طرح کریز پر جمے رہے اور متعدد ریکارڈز بناتے ہوئے اپنی شاندار اننگز کی بدولت ٹیم کو شکست سے بچایا جس کے بعد میچ ڈرا ہوگیا۔

ایسے میں بابر کے مداحوں اور ان کی تعریف کرنے والوں کا تانتا بندھ گیا، پاکستان کے سابق اور موجودہ کھلاڑیوں نے تو بابر کو سراہا لیکن تعجب کی بات یہ ہے کہ بابر کے مداحوں کی فہرست میں پڑوسی ملک بھارت کے نامور صحافی بھی شامل ہوگئے۔

ناصرف بھارتی صحافی بلکہ بھارتی کھلاڑی اور مخالف ٹیم آسٹریلیا کے صحافی بھی بابر کی کلاس پر عش عش کر اٹھے۔

بھارتی صحافیوں کی داد:

بھارت سے تعلق رکھنے والے نامور کرکٹ کمنٹیٹر اور صحافی ہرشا بھوگلے نے بابر اعظم کی دل کھول کر تعریف کی۔

انہوں نے لکھا کہ ٹیسٹ کرکٹ اس جگہ تھی جہاں بابر کو ایک قدم اٹھانے کی ضرورت تھی اور یہ ہے وہ جگہ۔ 

ہرشا بھوگلے نے کہا کہ جب 480 رنز درکار تھے اور 170 اوورز کھیلنے تھے، ایسے میں بابراعظم بیٹنگ کرنے آئے،  امید تھی کہ پاکستان معجزاتی طور پر جیتے لیکن ڈرا ہونا بھی برا نتیجہ نہیں ہے،بابر کیا خوب کھلاڑی ہے۔

اس موقع پر انہوں نے شاہین شاہ آفریدی اور رضوان کو بھی فراموش نہ کیا اور بابر کے ہمراہ ان کا نام لیتے ہوئے کہا کہ یہ تینوں ٹیم کی بنیادیں ہیں جنہوں نے ٹیم کو اوپر اٹھایا ہوا ہے۔

بھارت کے معروف اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گپتا نے لکھا کہ یہ بابراعظم کو متحرک بنانے کا لمحہ ہے، وہ ڈبل سنچری تو نہیں بناسکے لیکن یہ باری انہیں دور حاضر کے بہترین کھلاڑیوں میں شمار کرواتی ہے۔

سابق بھارتی کرکٹر وسیم جعفر نے تحریر کیا کہ کچھ اننگز جیت دلاتی ہیں جب کہ کچھ کردار بناتی ہیں اور یہی وہ اننگز ہوتی ہیں جو بہت لمبے عرصے تک چلنے میں ہمیشہ مدد گار رہتی ہیں۔

انہوں نے بابراعظم کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ اور یہی کردار بنانے والی اننگز اور میچ بابراعظم اور ان ٹیم کی طرف سے تھا، ساتھ میں انہوں نے آسٹریلوی ٹیم کی بھی تعریف کی۔

بھارت کے اسٹار اسپنر ایشون نے بھی پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ میں پاکستان کی کارکردگی کی تعریف کی۔

اس سے قبل ایشون نے بابر اعظم کی شاندار پرفارمنس کی پیشگوئی بھی کی تھی جو درست ثابت ہوئی۔

بھارتی صحافیوں اور سابق کھلاڑیوں کی شاباشی:

آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر بریٹ لی نے لکھا کہ بابر اعظم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔

اس کے علاوہ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے صحافی اینڈریو وو نے بھی بابر اعظم کو سراہا اور ان کے لیے خصوصی پوسٹ میں لکھا کہ بابراعظم نے پاکستان کے لیے ٹیسٹ میچ بچانے کی غیر معمولی کوشش کی، اسکور کارڈ کو دیکھتے ہوئے چوتھے دن کے کھیل کے انداز کو تبدیل کیا گیا۔

انہوں نے ایک گانے کے بول تحریر کیے اور کہا کہ 'اپنے پیروں پر مرنا گھٹنوں کے بل جینے سے بہتر ہے'، بابر اپنے پیروں پر جیا۔

مزید خبریں :