Time 18 مارچ ، 2022
پاکستان

پی ٹی آئی کے ایک اور رکن قومی اسمبلی نے حکومت سے ناراضی کا اظہار کردیا

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 186 مظفر گڑھ سے پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی عامر طلال گوپانگ نے بھی حکومت سے ناراضی کا اظہار کردیا۔

اپنے ویڈیو بیان میں عامر طلال کا کہنا تھاکہ افسوس عمران خان اور ان کی ٹیم نے ساڑھے تین سال میں کچھ نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھاکہ ساڑھے 3 سال میں اپنے حلقے کا کوئی ایک ترقیاتی کام نہیں کراسکا، عوام کو مہنگائی میں دیکھتا ہوں توبتائیں مجھے کیا فیصلہ کرنا چاہیے؟

انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے سلسلے میں کسی سے ایک روپیہ بھی نہیں لیا لیکن حکومت کے ارسطو وزرا ٹی وی پر آکر بے بنیاد الزامات لگاتے ہیں، اللہ ان سے پوچھے گا۔

عامر طلال گوپانگ کا کہنا تھاکہ عدم اعتماد کے دن پارلیمنٹ ضرورجاؤں گا، عوامی رائے اور اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ کروں گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے منحرف رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے دعویٰ کیا تھا کہ پی ٹی آئی کے 24 کےقریب ارکان قومی اسمبلی سندھ ہاؤس اسلام آباد میں موجود ہیں کیوں کہ وہ پارلیمنٹ لاجز میں خود کو محفوظ نہیں سمجھتے اور وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد میں ضمیر کے مطابق ووٹ ڈالنا چاہتے ہیں۔

گزشتہ روز بھی فواد چوہدری نے سندھ ہاؤس اسلام آباد میں کارروائی کا عندیہ دیا تھا تاہم پیپلز پارٹی کی جانب سے اس پر شدید ردعمل ظاہر کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :