Time 19 مارچ ، 2022
پاکستان

جیسے تحریک عدم اعتمادکا وقت قریب آئیگا سارے واپس آجائینگے، وزیراعظم کی پیشگوئی

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پیسے کی سیاست آگئی ہے، عوام کا پیسا چوری کرکے  لوگوں کو خریدا جارہا ہے، اپوزیشن سے بات کرنے والے ہمارے ارکان عوام کا پریشر دیکھ واپس آجائیں گے۔

راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ  تحریک عدم اعتماد کا آنا بہت اچھا ہوگیا، اس سے لوگوں کو پتا چل گیا کہ کس طرح  ارکان اسمبلی کو خریدنے کے لیے منڈی لگی ہوئی  ہے، پیسے سے لوگوں کے ضمیر خریدے جارہے ہیں، پیسے کی سیاست کی وجہ سے ملک پیچے رہ گیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ  پوری قوم کو نظر آگیا ہےکہ کیا چل رہا ہے، بڑے بڑے پیسے کے تھیلے آرہے ہیں، ضمیر فروشی کے خلاف عوام کا غصہ دیکھ رہا ہوں، اپوزیشن کی طرف جانے والے ہمارے زیادہ تر ارکان عوام کا پریشر دیکھ واپس آجائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سب کچھ کھلے عام ہورہا ہے، جس طرح سندھ ہاؤس میں ہورہا ہے اس طرح برطانیہ میں کوئی تصور بھی نہیں کرسکتا کہ کوئی رکن پارلیمنٹ پیسے لے کر فلورکراسنگ کرکے دوسری طرف چلے جائے، انہیں عوام کا خوف ہوتا ہے، اگر کوئی ایسا کرے تو اس کی سیاست ختم ہوجائے اور اسے جیل بھیج دیا جائے۔

سندھ ہاؤس اسلام آباد پر تحریک انصاف کے کارکنوں کے دھاوے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لوگ جذبات میں آگئے، اگر  آپ کے حلقے کا ممبر پیسے لے کر دوسری طرف چلا جائے تو پرامن احتجاج آپ کا حق ہے لیکن تصادم نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ 27 مارچ کو تاریخ کا سب سے  بڑا جلسہ کریں گے، اللہ نے حکم دیا ہے کہ برائی کے خلاف اور  اچھائی کے ساتھ کھڑے ہوجاؤ، عوام بتائیں گےکہ وہ کس طرف کھڑے ہیں۔

مزید خبریں :