19 مارچ ، 2022
وزیراعظم عمران خان سے اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے ملاقات کی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں اٹارنی جنرل نے وزیراعظم کو سپریم کورٹ میں عدم اعتماد کے روز تصادم کے خطرے کے پیش نظر آئینی درخواست کی سماعت پربریفنگ دی۔
اٹارنی جنرل کا کہنا تھاکہ آپ بطورچیئرمین تحریک انصاف کارکنان کو ہدایت کریں کہ ایسے واقعات نہ ہوں۔ اس پروزیراعظم نے جواب دیا کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے عدم اعتماد کے روز تصادم کے خطرے کے پیش نظر آئینی درخواست دائر کی گئی تھی جس میں وزیر اعظم، وزارت داخلہ، دفاع، آئی جی اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور اسپیکر قومی اسمبلی کو فریق بنایا تھا۔
اس درخواست پر آج سماعت ہوئی اور حکومت سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں واقع سندھ ہاؤس پر پی ٹی آئی ایم این ایز کی قیادت میں کارکنوں نے دھاوا بولا تھا اور دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے تھے۔